نئی دہلی، 16/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سابق وزیر کپل مشرا نے وزیر اعلی اروند کیجریوال سمیت آپ ممبران اسمبلی کے خلاف منگل کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) میں شکایت درج کروائی ہے، ساتھ ہی آپ ممبران اسمبلی پر فرضی کمپنیوں کے ذریعہ سے بلیک منی کو سفید کرنے اور پارٹی کو ملے چندے میں ہیرا پھیری کرنے کا الزام لگایاہے۔سی بی آئی میں شکایت درج کروانے کے بعد کپل مشرا نے کہا کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال کی طرف سے بلیک منی کو سفید کرنے اور آپ کو ملے چندے میں ہیرا پھیری کے الزامات کو لے کر سی بی آئی میں شکایت دی ہے۔ساتھ ہی آپ کے دو اراکین اسمبلی کی طرف سے کئی ساری فرضی کمپنیاں بناکر بلیک منی کو سفید کرنے کے ثبوت بھی سی بی آئی کو سونپے ہیں۔انہوں نے فرضی کمپنیاں بناکر نوٹ بند ی کے دوران کروڑوں روپے پارٹی فنڈ میں ڈالے تھے۔کپل مشرا نے کیجریوال پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ ایک شخص جو ملک میں بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے سیاست میں آیا تھا، اس نے کہا تھا کہ وہ عوام کے پیسے سے الیکشن لڑے گا، کسی بڑے شخص سے چندہ نہیں لے گا، لیکن آج تاریخ کا کال چکر پورا ہوا ہے، ان کا سچائی سامنے آ گئی ہے، یہ شخص نہ صرف بڑے لوگوں سے چندہ لے رہا تھا، بلکہ بلیک منی کے ذریعے پارٹی کو چلانے کی کوشش بھی کر رہا تھا۔انہوں نے الزام لگایا کہ پارٹی کو ملے چندے کو عوام سے چھپایا گیا، ساتھ ہی الیکشن کمیشن اور محکمہ انکم ٹیکس سے بھی اسے چھپانے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے فرضی کمپنیاں بنا کروڑوں روپے پارٹی فنڈ میں ڈالے،جبکہ کیجریوال نے دعوی کیا تھا کہ انہیں پتہ ہی نہیں کہ یہ پیسے کہاں سے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیجریوال اور آپ کا گندہ کھیل اور جعلی سازی عوام کے سامنے آ گئے ہیں۔وہیں آپ لیڈر آشیش کھیتان نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ مرکزی حکومت نے آپ کو پریشان کرنے کے لیے سی بی آئی، ای ڈی، آئی ٹی، ایس ایف آئی او، اے سی بی، آئی بی جیسی تنظیموں کو وزیر اعلی اروند کیجریوال اور عام آدمی پارٹی کے پیچھے لگا رکھا ہے، یہ تاریخ میں بے مثال ہے۔